امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی افغان دار الحکومت کابل آمد کے چند گھنٹوں بعد ہی طالبانوں کا ایئر پورٹ پر راکٹوں سے حملہ

 
0
471

کابل ستمبر 27(ٹی این ایس)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی افغان دار الحکومت کابل آمد کے چند گھنٹوں بعد ہی ایئر پورٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق افغان وزیر داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا کہ چند میزائل ہوائی اڈے سے نزدیک فوجی علاقے میں گرے جس میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی۔انہوں نے مزید بتایا راکٹ حملے کی وجہ سے پروازیں منسوخ نہیں کی گئی تاہم پولیس علاقے کو گھیرے میں لے کر راکٹ فائر کرنے کی جگہ کا تعین کررہی ہے۔افغانستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک 20 سے 30 راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ امریکا کے سیکرٹری دفاع کابل کے دورے پر ہیں وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے پہلے رکن ہیں جنہوں نے جنگ زدہ افغانستان کا دورہ کیا ہے۔تاہم افغان وزارت داخلہ کے مطابق ان حملوں کے باعث اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی اس حوالے سے کسی نے ذمہ داری قبول کی۔امریکی سیکرٹری دفاع جیمز میٹس نیٹو فوج کے سربراہ جینس اسٹولٹینبرگ کے ہمراہ افغان صدر اشرف غنی اور افغانستان کی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس ملاقات کے دوران افغانستان کی سیکورٹی کے لیے افغان فورسز کو مزید مستحکم کرنے کے لیے امریکی فوج کی سربراہی میں نیٹو کے تربیت اور معاونت پروگرام کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔امریکی فورسز کے اس پروگرام کا مقصد افغانستان کی سیکورٹی فورسز کو مزید بہتر کرنا ہے تاکہ وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کر سکیں۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ راکٹوں کا ہدف ائیر پورٹ کے نزدیک نیٹو کا اڈہ بھی ہوسکتا ہے۔ جیمز میٹس غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے جو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے افغان جنگ سے متعلق نئی حکمت عملی کے اعلان کے بعد ان کا اس ملک کا پہلا دورہ ہے۔جنرل میٹس بدھ کی صبح نئی دہلی سے کابل پہنچے جہاں وہ امریکی حکام کے مطابق افغان صدر اشرف غنی اور افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتوں کے علاوہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹالٹن برگ سے بھی ملیں گے۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق امریکی فوج نے اگست 2017ءکے دوران افغان شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 503 بم گرائے جو 2012ءکے بعد سے کسی بھی ایک مہینے کے دوران برسائے جانے والے سب سے زیادہ بم ہیںتاہم امریکا نتائج حاصل نہیں کرپارہا۔جم میٹس بدھ کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر نئی دہلی سے کابل گئے لیکن پینٹاگون کے حکام کا کہنا ہے کہ میٹس کا پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ واشنگٹن، اسلام آباد کو نظر انداز کر رہا ہے۔