لاہور (ٹی این ایس) لمز اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان تجارتی سہولت کاری میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تحقیق کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت

 
0
7

لاہور، 8 جولائی 2026 (ٹی این ایس): لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) نے پاکستان میں تجارتی سہولت کاری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے، ایگزیکٹو تعلیم اور مشترکہ تحقیق کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے اسلام آباد میں واقع ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔معاہدے پر پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب حیدر اور لمز کے پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون نے دستخط کیے۔اس موقع پر یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر محمد عدیل ظفر، ڈین، سلیمان داؤد اسکول آف بزنس (SDSB)، اور ڈاکٹر سید محمد حسن، ایسوسی ایٹ پروفیسرِ معاشیات، نے بھی نمائندگی کی۔

اس شراکت داری کے تحت دونوں ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ (PGD) پروگرام میں زیر تربیت اسسٹنٹ کلیکٹرز کسٹمز کی پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس تعاون کے ذریعے سرحد پار تجارت، ڈیجیٹل تجارتی سہولت کاری، لاجسٹکس، ڈیٹا گورننس اور پاکستان سنگل ونڈو کے دائر کار سے متعلق دیگر اہم شعبوں میں جدید مہارتوں اور عملی استعداد کو فروغ دیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت لمز اور پاکستان سنگل ونڈو مشترکہ طور پر ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرامز، تکنیکی تربیتی کورسز، سیمینارز، ورکشاپس اور دیگر پیشہ ورانہ ترقی کے پروگرام ترتیب دیں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے ایک دوسرے کی کانفرنسوں، پالیسی ڈائیلاگز، نمائشوں اور علمی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے تاکہ ادارہ جاتی تعاون، علم کے تبادلے اور بہترین عملی تجربات کو فروغ دیا جا سکے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت ڈیجیٹل تجارت، تجارتی سہولت کاری، سرحد پار تجارتی نظام، لاجسٹکس اور ڈیٹا گورننس سے متعلق مشترکہ تحقیقی منصوبوں، پالیسی پیپرز، تجزیاتی مطالعات اور دیگر علمی مواد کی تیاری کے لیے بھی ایک جامع فریم ورک وضع کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ مشترکہ کاوشیں شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو تقویت اور علمی تحقیق کو فروغ دیں گی، پاکستان کے تجارتی نظام سے وابستہ اداروں اور ماہرین، بالخصوص ایف بی آر کے پی جی ڈی پروگرام کے شرکاء، کے لیے قابلِ عمل سفارشات فراہم کریں گی۔

اس موقع پر پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب حیدر نے کہا، ایک جدید، مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق تجارتی نظام کی تشکیل کے لیے انسانی وسائل، علم اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں مسلسل سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ لمز کے ساتھ ہمارا تعاون ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، جدت کو فروغ دینے اور کسٹمز و تجارتی سہولت کاری کے شعبے میں مستقبل کی قیادت تیار کرنے کے ہمارے عزم کا مظہر ہے۔

لمز کے پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون نے کہا، پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ یہ شراکت داری قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ایگزیکٹو تعلیم اور عملی تحقیق کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ تعاون تعلیمی مہارت اور عملی تجربے کو یکجا کرتے ہوئے ایسے معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرے گا جو پاکستان کے تجارتی اور کسٹمز نظام کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

لمز اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان ہونے والی یہ مفاہمتی یادداشت پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ، تحقیق پر مبنی پالیسی سازی، ادارہ جاتی تعاون اور پاکستان کے سرحد پار تجارتی نظام کی جدیدکاری کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔