اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چہلم سید الشہداء امام حسین اور ان کے بہتُ٘ر جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس ٹو سے برآمد ہوا، جلوس میں دیگر مقدسات و تبرکات کے علاوہ شبیہہ ذوالجناح، شبیہ علم غازی عباس، گہوارہ شہزادہ علی اصغر، تابوت مبارک بھی شامل تھے، ہزاروں عزاداروں نے جلوس میں شریک ہو کر ماتم و پرسہ داری میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ راجہ بشارت حسین امامی ، علمائے کرام، اور عمایدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ بشارت حسین امامی نے اربعین حسینی کی قدر ومنزلت اور بزرگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین اس عظیم یادگار کی زندہ مثال اور زریں باب عشق ہے جسے حضرت علی ابن الحسین اور حضرت زینب بنت علی علیہ سلام نے کمال استقامت و صبر اور رضائے الہی سے رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرچم حسینیت و حقانیت نواسہ رسول کو اجاگر کرنا حضرت زینب اورحضرت زین العابدین کی تبلیغ کا معجزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزائے حسین پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کریں گے،۔ انہوں نے کہا پنجاب کی انتظامیہ ہے ایک جانب سہولیات کا اعلان کرتی ہے اور دوسری جانب گھروں میں بھی عزائے حسین کے انعقاد پر پابندی ہے، انہوں نے کہا کہ عزاداری ہر صورت جاری رہے گی۔ علامہ امامی نے اس موقع پر ملک وقوم کی سلامتی ایلیان وطن کی حفاظت، امن کے قیام امن عساکر پاکستان کی کامیابی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔ جلوس شبیہ علم و ذوالجناح مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ جی سکس ٹو میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مختار فورس کے والنٹیرز نے حفاظتی انتظامات جبکہ ابراہیم اسکاوٹس نے خدمت خلق میں ڈیوٹی سرانجام دیں۔ علاوہ ازیں ون ٹو چوک میں مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام مرکزی عزاداری کیمپ لگایا گیا جہاں عزاداروں کے لیے سبیل حسینی اور نیاز وتبرک کا اہتمام کیا گیا تھا۔

















