کراچی (ٹی این ایس) کراچی ڈاکٹر نگہت شاہ کو خواتین اور زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں مثالی قیادت، طبی جدت اور غیر معمولی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے وژن، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کیں بلکہ طبی تعلیم اور تخصصی تربیت کے میدان میں بھی نمایاں سنگِ میل عبور کیے۔
ڈاکٹر نگہت شاہ نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) سے منظور شدہ میٹرنل فیٹل میڈیسن فیلوشپ پروگرام کا آغاز کیا، جبکہ گائناکولوجک آنکولوجی فیلوشپ پروگرام بھی متعارف کرایا، جسے باقاعدہ منظوری حاصل ہوئی۔ انہوں نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) کے اشتراک سے یوروگائناکولوجی کے شعبے کو بھی فروغ دیا تاکہ مریضوں کو جدید اور مربوط طبی سہولیات میسر آسکیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے بانجھ پن (Infertility) اور ابتدائی حمل (Early Pregnancy) کے لیے خصوصی یونٹس قائم کیے، جس سے خواتین کو بروقت، معیاری اور تخصصی طبی خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی۔ ڈاکٹر نگہت شاہ کی یہ کاوشیں طبی معیار کو بلند کرنے، نئی نسل کے ماہر ڈاکٹروں کی تربیت اور خواتین کی صحت کے شعبے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔













