اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی سٹی زون کے افسران سے کرائم میٹنگ،جرائم کی روک تھام، موٹرسائیکل چوری و راہزنی میں ملوث گروہوں ، اشتہاری و سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔تفصیلات کے مطابق سینئر سپرٹینڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیرِ صدارت سٹی زون کے افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام افسران کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا اور جرائم کی مجموعی صورتحال، مقدمات کی تفتیش، شہریوں کے مسائل اور پولیسنگ کے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ موٹرسائیکل چوری اور راہزنی میں ملوث متحرک گروہوں اور اشتہاری و سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف موثر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور جرائم کی روک تھام کے لیے فیلڈ پولیسنگ کو مزید موثر بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ”No To Weapon”مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے لیے محفوظ ماحول برقرار رکھا جا سکے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ “پکار-15 “کی کالز پر بروقت رسپانس اور شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور موثر پولیسنگ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور نتیجہ خیز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی















