پشاور میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت اور پشاور کی خوبصورتی کے پلان پر کام تیز کرنے کی ضرورت ،پرویزخٹک

 
0
290

پشاور ستمبر 29(ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت اور پشاور کی خوبصورتی کے پلان پر کام تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تیز رفتار حکمت عملی کے تحت ترقیاتی عمل نظر آنا چاہئے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے پشاور کے اندرون شہر کی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے لئے دیئے گئے 220کروڑ روپے پر ہونے والے کام کی پیشرفت کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ خوبصورتی کے لئے علیحدہ فنڈز موجود ہیں۔

ان وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے اور کام کی رفتار تیز کی جائے۔انہوں نے پشاور میں دیگر پراجیکٹس کی تیز تر تکمیل کیلئے لوکل گورنمنٹ اور پی ڈی اے کو حوصلہ افزاء پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حیات آباد اور یونیورسٹی ٹاؤن میں سڑکیں تقریباً مکمل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی ٹاؤن میں ریلوے ٹریک اور خوبصورتی پر بھی کام کرنا ہے ۔ سڑکوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔ یہ بھی پشاور کی خوبصورتی کے مجموعی پلان کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ترقیاتی عمل میں شفافیت کی وجہ سے کرپشن کے دریچے بند ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل کے دوران تجاوزات ہٹانے کا عمل بھی جاری رہنا چاہئے