امریکی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا نا انصافی ہے، افغانستان میں طالبان کا وجود ایک حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔عمران خان

 
0
375

اسلام آباد،ستمبر 29 (ٹی این ایس): تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کیخلاف امریکی الزامات بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کو شکست دینے میں امریکی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا نا انصافی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارےایسو سی ایٹڈ پریس  کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کا وجود ایک حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہےاو ر الٹا امریکہ کا پاکستان پر تنقید کرنا بے جا ہے۔ انھوں نے کہا امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے الزامات سے پاکستانیوں کے احساسات مجروح ہوئےاور ان کے بیان سے لگتا ہے کہ امریکی پاکستان کی تاریخ سے ناواقف ہیں۔ جنگ اور بے جا خون خرابہ مسئلے کا حل نہیں ڈرون حملوں کے نتیجے میں پاکستانیوں میں امریکہ کے خلاف نفرت بڑھی ہے۔ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں عمراں خان نے کہا کہ پاکستان کے جوہری ہتھیارمحفوظ ہاتھوں میں ہیں ان ہتھیاروں کےغیر محفوظ ہونے کے  بارے میں افواہیں محض مغربی پراپگینڈے کا حصہ ہیں۔عمران خان  نے مزید کہا کہ نواز شریف کا ملکی سیاست میں اب کوئی مستقبل نہیں ہے اور تحریکِ انصاف اقتدار میں آنے کے بعد کرپٹ لوگوں کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں چھوڑے گی۔