محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں سخت ترین حفاظتی بندوبست۔موبائل فون سروس اور بیشتر شاہرائیں بند رہیں گی

 
0
538

اسلام آباد،ستمبر 29 (ٹی این ایس):  ملک بھر میں آٹھویں محرم الحرام کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

کراچی میں 8ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیہ پرختم ہوگا۔ حفاظتی بندوبست کے تحت نشتر پارک اور جلوس کی گزرگاہوں کو 9 سیکٹر اور 23 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا۔جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جبکہ ایم اے جناح روڈ اور صدر میں جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بندکردیا گیا ہے اور 10محرم الحرام کی رات تک دکانیں اور سڑک بند رہے گی۔

لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربار حسین موری گیٹ سے برآمد ہوگا جو لوہاری، انار کلی اور مال روڈ سے ہوتا ہوا پام اسٹریٹ انار کلی پہنچے گا۔ اس سلسلہ میں پنجاب حکومت نے جلوس کی گذرگاہوں پر فوج اور رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے،گذرگاہوں پر سنائپرز بھی  تعینات کیے جائیں گے۔لاہور اور راولپنڈی میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی اور لاہور ٹریفک پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب ہری پور میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے سلسلے میں جی ٹی روڈ شام 5 بجے تک بند رہے گا۔

ادھر فیصل آباد شہر اور گرد و نواح میں موبائل فون سروس کی غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ بھکر میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے سلسلے میں موبائل فون سروس بند ہے۔

محرم الحرام کے پیش نظر پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی اور 3 دن کے لئے پابندی برقرار رہےگی۔

ادھر بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے عاشورہ محرم پر موبائل سروس کی بندش کے لیے وفاقی وزرات داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا، اجازت ملنے کے بعد 9 اور 10 محرم کو صوبے کے 4 اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے گی۔صوبائی محکمہ داخلہ نے نویں محرم کو ضلع بولان کے علاقے مچھ اور دسویں محرم الحرام کو کوئٹہ، جعفرآباد اور جھل مگسی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کی اجازت مانگی ہے۔