راولپنڈی (ٹی این ایس) ایس پی غازی فیصل سلیم، ریجنل آفیسر، پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن نے پٹرولنگ پولیس کے افسران کے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جنہوں نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرکے نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر پٹرولنگ پولیس کے افسران اپنے ہونہار بچوں کے ہمراہ ریجنل آفس میں موجود تھے۔ ایس پی غازی فیصل سلیم نے نمایاں پوزیشن اور اعلیٰ نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریجنل آفیسر نے طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی اساس ہے اور محنت، لگن، مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کے ذریعے طلباء اپنے مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنا ان بچوں کی محنت، صلاحیت اور والدین کی بہترین تربیت کا عکاس ہے، جس پر نہ صرف یہ طلباء و طالبات بلکہ ان کے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ریجنل آفیسر نے پٹرولنگ پولیس کے افسران کو بھی ان کے بچوں کی بہترین تعلیمی تربیت اور حوصلہ افزائی پر مبارکباد دی اور کہا کہ والدین کی رہنمائی، توجہ اور حوصلہ افزائی بچوں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جو قابلِ ستائش امر ہے۔
اس موقع پر ایس پی غازی فیصل سلیم نے نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو ان کے حاصل کردہ شاندار نمبروں پر مبارکباد دی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو اسی محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھیں اور مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔
ریجنل آفیسر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن اپنے افسران کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی کامیابیوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایسے اقدامات کا مقصد نہ صرف ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے بلکہ دیگر بچوں میں بھی تعلیم کے حصول، محنت اور نمایاں کارکردگی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ایس پی غازی فیصل سلیم نے تمام کامیاب طلباء و طالبات اور ان کے والدین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام بچوں کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے، انہیں اپنی تعلیم میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی توفیق دے اور انہیں مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کا بہترین ذریعہ بنائے۔
پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن اپنے ہونہار اور باصلاحیت بچوں کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتا ہے اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔













