اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کا اردل روم کا انعقاد۔آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سنے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں نے اپنے سرکاری اور ذاتی مسائل پیش کیے۔آئی جی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کے مسائل کا بروقت ازالہ محکمانہ امور کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواستوں اور محکمانہ معاملات کو بلاوجہ التوا کا شکار نہ کیا جائے اور تمام امور میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد کے مطابق نمٹائے جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات فرائض انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کے جائز مسائل کے حل اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے ماتحت افسران و جوانوں کے مسائل سننے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس افسران اپنے مسائل اور محکمانہ امور کے سلسلے میں براہِ راست ان سے ملاقات کر سکتے ہیں، جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے مؤثر اور براہِ راست رسائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا
















