درست حکمتِ عملی اور انتھک کوششوں کے نتیجے امن و امان کی صورتِ حال بہت بہتر ہو چکی ہے،ممنون حسین

 
0
404

اسلام آباد اکتوبر2 (ٹی این ایس)صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ درست حکمتِ عملی اور انتھک کوششوں کے نتیجے امن و امان کی صورتِ حال بہت بہتر ہو چکی ہے،پاکستان میں تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ پوری آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض اد ا کر رہے ہیں۔۔ صدر مملکت نے یہ بات بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے سندھ سمیت تمام صوبوں نے اہم کردار ادا کیا جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سلسلے میں نہایت اہم پیش رفت ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی حکومت پاکستان کی بنیادی پالیسی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

انھوں نے اس سلسلے میں بوہر ہ برادری کے روحانی پیشوا کی تعلیمات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس برس عاشورہ محرم اس اعتبار سے بہت یادگار رہے گا کہ بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا نے محرم کی مجالس سے خود خطاب کر کے اپنے پیروکاروں کی راہنمائی کی جو معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ بن رہی ہے۔ بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے بتایا کہ اس برس عاشورہ محرم کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر کے متعددممالک سے بوہرہ برادری کے ہزاروں افراد عاشورہ محرم کی رسومات میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے۔ انھوں نے ان پروگراموں کے بہترین انتظامات کے لیے حکومت پاکستان کے تعاون پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔