اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری

 
0
6

اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 768 ملزمان گرفتار، 21 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد۔ڈکیتی، راہزنی، گھریلو چوری اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث 33 گینگز کے 84 ارکان گرفتار، اشتہاری ملزمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 768 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 21 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔ڈکیتی، راہزنی، گھریلو چوری اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث 33 گینگز کے 84 ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، طلائی زیورات، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔اسی طرح اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں 515 سے زائد اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 98 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے آٹھ کلاشنکوفیں و رائفلیں، مختلف بور کے 83 پستول اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔اسلام آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 71 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10 کلوگرام سے زائد چرس، چار کلوگرام سے زائد ہیروئن، 13 کلوگرام آئس اور شراب کی 874 بوتلیں برآمد کی گئیں۔مزید برآں، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 96 سے زائد گرینڈ کومبنگ و سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔