اسلام آباد اکتوبر 3(ٹی این ایس)وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آمر آئے یا سپریم کورٹ کا فیصلہ نواز شریف سے ہمارا رشتہ ٹوٹنے والا نہیں،جس ٹولے نے انتخابی اصلاحات قانون چیلنج کرنے کا اعلان کیا وہ ٹولہ اپنی خواہشات کے لیے سپریم کورٹ کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن)کی مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں پر قدغن کا کوئی قانون موجود نہیں تھا،کوئی آمرآئے یاسپریم کورٹ کافیصلہ نوازشریف سے رشتہ ٹوٹنے والانہیں،ڈو مور کہنے والوں کوپیغام دیتاہوں نو مور ،نومور ،بہت ہوچکا، اسلام آباد میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے سیاسی قیادتوں کا راستہ روکنے کیلئے کالا قانون متعارف کروایا،سابق آمرنے بینظیرکوقیادت سے روکنے کیلئے کالے قانون کومتعارف کرایااور شہید محترمہ کی طرح نواز شریف کو بھی پارٹی قیادت سے روکا گیا، پیپلز پارٹی کے بانی کے قانون کو ہم نے بحال کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ،پیپلزپارٹی بتائے ہماری مخالفت کیوں کی؟ ، پیپلزپارٹی اس قانون کی مخالفت کرکے اپنے بانی کی روح کوتڑپارہی ہے ،پیپلز پارٹی نے مصلحت کا سہارا لیااورپارٹی نے اصولوں سے روگردانی کی،وزیر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیب کا قانون بھی پرویز مشرف نے متعارف کرایا،پرویزمشرف کے دروازے پر سجدے کرنے والے کرپشن کے مگرمچھ ہیں،جنہیں سابق آمر کے حواریوں کوحاجی ،صادق اورامین کا لقب دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت اور کارکنوں نے ہر ظلم کا سامنا کیا،انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف صاحب یہ جو جذبہ آپ ہم میں دیکھ رہے ہیں اس کی وجہ آپ کی شخصیت نہیں بلکہ آپ کے نظریات ہیں ،آپ نے قوم کو دنیا میں سر اٹھا کر چلنے کا سبق دیا،جمہوریت مضبوط ہونے سے ہی دفاع اورمعیشت مضبوط ہوگی۔
احسن اقبال نے کہا کہ میاں صاحب، ہمیں آپ سے عشق ہے،آپ کے اخلاص کی وجہ سے آپ سے انسیت ہے،ان کا کہنا تھا کہ جو اصول پرست ہوتے ہیں انہیں ظلم اور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے،20 کروڑ عوام کو ملک کے فیصلے کرنے کا حق ہے،وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف عوام کے حق حکمرانی کی علامت ہیں،چوردروازے کا قانون سیاسی جماعتوں کو قیادت سے جدا نہیں کر سکتا،پاکستان کی سیاست اور جمہوریت پر عوام کا حق ہے۔