ٹورنامنٹ میں شرکت  کیلئے ارجنٹائن کے 4گول کیپرکی کراچی آمد

 
0
367

 

کراچی،اکتوبر 03 (ٹی این ایس): ارجنٹائن کے 4 گول کیپر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔منگل کو کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں  نے ان کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 3 سے 10 اکتوبر کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا،جس میں شامل ٹیمیں نشان حیدر حاصل کرنے والے تمام 11 شہدا کے ناموں سے منسوب کی گئی ہیں۔ ٹیموں کے نام کیپٹن راجہ محمد سرور، میجر طفیل محمد، میجر راجہ عزیز بھٹی، راشد منہاس، میجر شبیر شریف، سوار محمد حسین، میجر محمد اکرم، لانس نائیک محمد محفوظ، کیپٹن کرنل شیر خان، حوالدار لالک جان اور نائیک سیف علی جنجوعہ رکھے گئے ہیں۔ اس ایونٹ کی خاص بات  یہ ہے کہ اس میں حصہ لینے والے تمام 11 گول کیپر غیر ملکی ہونگے جن میں سے ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز پہنچ چکے ہیں۔ہر ٹیم 13 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز پر مشتمل ہوگی، ایونٹ میں جہاں تمام ٹیموں کے گول کیپرز غیر ملکی ہونگے وہیں میچز سے قبل پنالٹی شوٹ آٹس ہونگے، جو ٹیم اس میں کامیابی حاصل کرے گی اسے ایک پوائنٹ دیا جائے گا جبکہ باقی 2 پوائنٹس میچ جیتنے والی ٹیم کو ملیں گے۔

 

بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد  تین نہیں ،تین ہزار ہے، صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈپٹی منیجر کی وضاحت
کوئٹہ، اکتوبر 03 (ٹی این ایس ): حکومت بلوچستان  کے صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈپٹی منیجر ڈاکٹر داؤد خان اچکزئی نے انکشاف کیا ہے کہ جبکہ قومی سروے کے مطابق کہاگیا ہے کہ بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد تین ہزار تک پہنچ چکی  ہےانھوں نے ساتھ  ہی گزشتہ دنوں کوئٹہ کے بعض مقامی اخبارات میں  شائع اس خبر کی تردید بھی کی جس میں   کہا گیا تھا کہ صوبہ  میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد تین ہے۔ڈاکٹر داؤد اچکزئی نے کہاکہ صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کے ساتھ اب رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 800 ہوگئی ہے اور ان میں سے 5سو مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے اور ایڈز کنٹرول پروگرام کے گزشتہ سال سے موثر آگہی مہم کی بدولت بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی اتنی تعداد سامنے آگئی ہے اور یہ مہم گوادر سے لیکر ژوب تک جاری ہے ۔