گھگر پھاٹک کے قریب واقع زیر تعمیر فیکٹری کے ٹینک میں ڈوب کر5مزدور جاں بحق ہوگئے

 
0
595

کراچی جولائی20(ٹی این ایس ):کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب واقع زیر تعمیر فیکٹری کے ٹینک میں ڈوب کر5مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔لاشوں کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کردیا ہے ۔ایس ایس پی ملیرراؤ انوار کے مطابق زیر تعمیرفیکٹری کے ٹینک میں 15مزدور صفائی کا کام کر رہے تھے جن میں سے6مزدور ٹینک میں ڈوب گئے۔5مزدوروں کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ چھٹے مزدور کو زخمی حالت میں نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔چھیپا ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدوروں کی عمریں 30 سے 35 برس کے درمیان تھیں جب کہ جس ٹینک میں یہ مزدور گرے اس میں کوئی کیمیکل موجود تھا۔ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال میں محکمہ ایمرجنسی کو الرٹ کردیا گیا تھا۔