ووٹ کی طاقت سے جوحکومت بنے گی وہ ناقابل شکست ہوگی،کارکنو !وعدہ کرو جوآئندہ کروں گا میرا ساتھ دو گے؟ نوز شریف

 
0
369

لاہور,اکتوبر 04 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے صدراور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے جوحکومت بنے گی وہ ناقابل شکست ہوگی۔

بدھ کویہاں الحمراء ہال میں این اے 120کے ضمنی انتخابات میں جیت کے سلسلے میں  منعقدہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب  کے دوران کارکنان کومبارکباد پیش کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ این اے 120کے ووٹرز کو وہ، شہباز شریف ، بیگم کلثوم نوازاور مریم نواز مبارکبادپیش کرتے  ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آپ نے قومی اسمبلی کے ایک حلقے کاانتخاب نہیں جیتابلکہ وقت کی عدالت میں حق و سچ کی گواہی دی ہے۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کیخلاف جوفیصلہ آیاتھا آپ نے ثابت کردیاکہ اصل فیصلہ وہ نہیں بلکہ عوام کاہے۔ میاں نواز شریف نے یہ شعر بھی پڑھا کہ

ہے نئی روش کی عدالتیں اور نرالے ہی ڈھنگ کے فیصلے
نہ نظیر ہے نہ دلیل ہے، نہ اپیل ہے نہ وکیل ہے

انکاکہنا ہے کہ اصل فیصلہ این اے 120 کے عوام نے دیاہے،یہاں برتری 15ہزار کی نہیں ڈیڑھ لاکھ کی ہے، میرے پاس الفاظ نہیں کہ کارکنوں کا شکریہ ادا کرسکوں،آج کا جذبہ سلامت رہاتوپاکستان آگےبڑھےگا، نوجوانوں، بزرگوں، خواتین، وکلاء بتائیں یہ جذبہ سلامت رہے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ پرانی روائتیں دم توڑجائیں گی،پاکستان آگے بڑھے گا، لندن میں نعرہ سناتھاکہ یہ جو کالا کوٹ ہے میاں تیرا ووٹ ہے،یہ واقعی سچ ہے،2013ء میں ہونے والی 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کہاں گئی؟ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، کسی حکومت نے ایسے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے نو منتخب صدر کا مزید کہنا تھا کہ کیا ہماری طرح کسی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے،بیس سال میں لگنے والے کارخانے بیس بیس مہینوں میں لگائے ہیں،آج کارخانے بجلی پیدا کررہے ہیں، ملک کے کونے کونے سے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز پرگاڑیوں کی قطاریں ہوتی تھیں،آج کہیں قطارنظرآتی ہے؟پٹرول کی قیمت 160 روپے سے کم ہوکر 60 ، 70 تک آگیا تھا،پاکستان آگےبڑھ رہا تھا اور نوازشریف کی نااہلی کی تلوار چلادی گئی،مجھے تو سمجھ نہیں آتا،آپ کو سمجھ آتا ہے تو آپ بتائیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس لیے اسےنااہل کردیاگیا۔

میاں نواز شریف نے اس موقع پر  کارکنوں سے وعدہ لیاکہ جو کروں گا میرا ساتھ دو گے؟ انہوں نے کہا کہ ایسا جذبہ نوازشریف نے پہلے کبھی نہیں دیکھا،یہی جذبہ پاکستان کی تقدیر بدلے گا۔