سانحہ8 اکتوبر کی 12 ویں برسی کل منائی جائے گی

 
0
343

بالاکوٹ،اکتو بر07(ٹی این ایس): سانحہ8 اکتوبر کی 12 ویں برسی کل(اتوار) منائی جائے گی۔ گورنمنٹ ہائی سکول بالاکوٹ میں 8 اکتوبر2005ء کے زلزلہ میں شہید ہونے والے افراد کی قبروں پر اجتماعی دعا کی جائے گی۔ تحصیل بالاکوٹ میں تمام کاروباری مراکز بند ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ 8 اکتوبر 2005ء کی صبح 8 بجکر 50 منٹ پر ملک کے بالائی علاقوں میں 7.6 شدت کے زلزلے نے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے تھے،سانحے میں 80 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

زلزلے کے دوران زمین بوس ہونے والا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی تعمیر تاحال مکمل نہیں ہو سکی ۔ ہسپتال کی عدم تعمیر اور سہولیات نہ ہونے کے باعث ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں مریض کنگ عبدالله ہسپتال پہنچتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیتے ہیں۔ متاثرین زلزلہ 12 سال گذرنے کے باوجود کسمپرسی کی زندگی گذرانے پر مجبور ہیں۔ زلزلہ متاثرین نے اس حوالہ سے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ زلزلہ کے بعد حکومتوں اور مختلف این جی اوز کی جانب سے فراہم کئے گئے شیلٹرز مکمل طور پر ناکار ہو چکے ہیں۔

حکومت کی جانب سے متاثرین ریڈ زون کیلئے ’’بکریال سٹی‘‘ کے نام سے بستی قائم کرنے کی منصوبہ بندی 10 سال قبل کی گئی تاہم انھیں پلاٹوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اپیل کی ہے کہ متعلقہ محکموں کے افسران کو متاثرین زلزلہ کو پلاٹوں کی تقسیم کا فوری پابند بنایا جائے۔