نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جو ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کو ختم کرے گا ،ْ سینیٹر عبد القیوم

 
0
496

اسلام آباد ،اکتو بر(ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جو ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کو ختم کرے گا ،ْ سی پیک کے ذریعے ملک میں اتنی بڑی چینی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں موزوں ماحول کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ٹھوس اقدامات کی بدولت کراچی اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن و سازگار ماحول کے باعث اب بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے ملک میں اتنی بڑی چینی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں موزوں ماحول کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ سموں کے خلاف کارروائی سمیت لائوڈ اسپیکرز کے غلط استعمال اور نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے لیکر اپنے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس کے بڑے حصے پر عمل درآمد بھی کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ فاٹا اصلاحات پر کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے جبکہ انتخابی اصلاحات بل بھی اسمبلی سے منظور کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت درست سمت پر گامزن ہے اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔