کوئی مائی کا لال ختم نبوت کے قانون کو نہیں چھیڑ سکتا ٗ ایسا کر نے والا اپنی موت کو دعوت دیگا ٗمولانا فضل الرحمن

 
0
307

سوات اکتوبر 8(ٹی این ایس) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ کوئی مائی کا لال ختم نبوت کے قانون کو نہیں چھیڑ سکتا ٗ ایسا کر نے والا اپنی موت کو دعوت دیگا ٗ دشمن کمزور اور بزدل ہے ٗ چور دروازے پر حملہ کر تا ہے ٗ امریکہ کی جانب سے سی پیک کے حوالے سے دیا جانے والا بیان قبول نہیں ٗ امریکہ اور اس کے حواریوں کو پاکستان میں پنپنے نہیں دیں گے۔ اتوار کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ دشمن کمزور اور بزدل ہے ٗ اسی لیے وہ چور دروازے سے حملہ کرتا ہے،پارلیمنٹ میں دیکھا کیسے چور دروازے سے انہوں نے ختم نبوت کے قانون پر نقب لگانے کی کوشش کی ٗ چور جب چوری کرتا ہے تو محسوس نہیں ہونے دیتا کہ چوری کر رہا ہوں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ کوئی مائی کا لال ختم نبوت کے قانون کو نہیں چھیڑسکتا، جو کوئی ختم نبوت کو چھیڑے گا وہ اپنی موت کو دعوت دے گا، میں آج بھی کہتا ہوں اس قسم کے عزائم سے دستبردار ہو جاؤ ٗجب بھی کوئی آزمائش آتی ہے جے یو آئی میدان میں اترتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں چور دروازے سے ختم نبوت حلف نامے میں ترمیم کی کوشش کی گئی تاہم جے یو آئی نے اس کوشش کو ناکام بنایا ٗکسی کو اس سازش کا علم نہیں تھا۔سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہاکہ 3 سال قبل کہا تھا چوری پکڑی گئی ہے ٗ سازشیوں کو منہ کی کھانی پڑی اور دہشت گردی کو نظریاتی شکست جے یو آئی نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے واضح کردیا ہے ٗسی پیک متنازعہ علاقے سے گزرہا ہے، امریکا اور بھارت کی زبان ایک ہوگئی ہے ٗپاکستان کے روشن مستقبل پر کلھاڑا مارنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ ہمیں افغانستان سے لڑوایا جارہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ پاناما کو کرپشن کا مسئلہ سمجھتے ہیں تاہم میں اسے پاکستان کے خلاف سازش دیکھتاہوں، فاٹا مسئلہ اتنا سنگین نہیں جتنا بنادیا گیا ٗ کچھ لوگ مفت میں مامے چاچے بن رہے ہیں ٗ ایف سی آر کے خاتمے کے خلاف ہم 100 مرتبہ ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا قبائل کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق دو ٗجان بوجھ کر فاٹا کو پسماندہ رکھا گیا اور اس سنجیدہ مسئلہ کو خواہ مخواہ الجھایا جارہا ہے، قبائلی مسئلے کے پیچھے دباؤ امریکی سامراج کا ہے تاہم قبائل کا فیصلہ ہم نے کرنا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پاناماکوپاکستان کیخلاف بین الاقوامی سازش دیکھ رہاہوں ٗمیں کسی حکمران کی جنگ نہیں لڑرہا،پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کیلئے ابتدا سیاسی بحران سے ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان چین کے ساتھ نیا اقتصادی دورشروع کرنا چاہتا ہے ٗپاکستان ترقی کی طرف جاناچاہتاہے،یہاں بحران پیداکئے جار ہے ہیں ٗہم نے انگریز کو اس سر زمین پر پنپنے نہیں دیا تو امریکہ کی کیا جرات کے وہ پاکستا ن کی اقتصادی ترقی میں رکاوٹ بنے۔ انہوں نے کہاکہ میں پاکستانی عوام سے کہتا ہوں کہ اگر آپ میں اخلاقی جرات ہے تو کھل کر علمائے کرام کے شکر گزار بنیں۔