احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے دیا، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

 
0
622

اسلام آباد ،اکتو بر 09(ٹی این ایس) : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب ریفرنسز پر احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ احتساب عدالت کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ۔ دائمی وارنٹ گرفتاری عدالت میں مسلسل عدم حاضری کے پیش نظر جاری کیے گئے۔ عدالت نے حسن اور حسین نواز کا اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم بھی دیا ۔

مزید براں عدالت نے حسن اور حسین نواز کا مقدمہ الگ الگ کرنے کا حکم جاری کیا جس کے تحت حسن اور حسین نواز کا الگ الگ ٹرائل کیا جائے گا۔ احتساب عدالت میں ریفرنس کیس کی مزید سماعت کو 13 اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق 13 اکتوبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف پر فرد جُرم عائد ہونے کا امکان ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی عدم حاضری پر آئندہ سماعت میں فرد جُرم عائد کی جائے گی۔ آئندہ سماعت پر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر بھی فرد جُرم عائد کی جائے گی۔ فرد جُرم کے لیے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 13 اکتوبر کے لیے طلبی کا سمن بھی جاری کر دیا گیا۔