اسلام آباد ہائیکورٹ کا خواجہ آصف کو اقامہ کیس میں تحریری جواب داخل کروانے کا حکم

 
0
734

اسلام آباد ،اکتو بر 09(ٹی این ایس): اسلام آباد ہائیکورٹ نے اقامہ کی بنیاد پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کو بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دینے کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ہفتے کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 3رکنی لارجر بینچ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی اقامہ کی بنیاد پر نااہلی کیلئے تحریک انصاف کے راہنما ءعثمان ڈار کی طرف سے دائر نا اہلی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

تحریری حکم نامہ 3صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے سپریم کورٹ سے اقامہ کی بنیاد پر وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے استدعا کی کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف بین الاقوامی مکینیکل اینڈ الیکٹرک کمپنی کے ملازم ہیں۔انہوں نے 2013 میں این اے 110 سیالکوٹ سے الیکشن لڑنے کے وقت کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے یہ بات چھپائی ،ان کے اقامہ کی 31 مئی 2017 کو توسیع ہوئی۔انہوں نے انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرتے وقت بھی یہ بات چھپائی، لہذا وہ صادق اور امین نہیں رہے ،ان کی غیر ملکی ملازمت بطور وزیر اٹھائے گئے حلف کی بھی خلاف ورزی ہے۔عدالتی حکم کے تحت خواجہ آصف کو اکتوبر کے تیسرے ہفتے سے قبل جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔