احتساب سے بھاگنے والوں کو کوئی گرفتار نہیں کررہا، مریم نواز

 
0
326

اسلام آباد،اکتو بر09(ٹی این ایس) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر نے کہا ہے کہ احتساب نما انتقام کے باوجود عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں اور شریف خاندان کے خلاف ٹرائلز قیامت تک چلتے رہیں گے۔ مریم صفدر اپنے خلاف دائر نیب ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت میں پیشی کے بعد مریم صفدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب نما انتقام پر شدید تحفظات کے باوجود عدالتوں میں پیش ہوئے، عوام کو جوابدہ وہ لوگ بھی ہیں جنہوں نے آئین اور قانون کا تماشہ بنا رکھ دیا ہے، پوری دنیا جانتی ہے یہ احتساب نہیں انتقام ہے، جنہوں نے 20 کروڑ عوام کے نمائندﺅں کو چلتا کیا ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھگوڑے آزاد اور جلسے کررہے ہیں اور جو لوگ احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کررہا مگر جو خود کو احتساب کے لیے پیش کررہے ہیں انہیں گرفتار کیا جارہا ہے، ہم ہر بار پیش ہوکر انصاف اور عدل کی زنجیر ہلا رہے ہیں، مجھ پر مقدمات نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے بنائے گئے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں۔ایک سوال کے جواب میں مریم صفدر نے کہا کہ حسن اور حسین نواز خود اپنے فیصلے کریں گے، میرے بھائی باہر رہتے ہیں ان پر یہاں کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا، وزیراعظم کو نااہل کرنے اور سزا ہونے کے بعد بھی ہمارا ٹرائل کیا جارہا ہے، جب تک ایسی کوئی چیز سامنے نہیں آجاتی جس پر نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو پکڑا جاسکے تب تک یہ ٹرائلز قیامت تک چلتے رہیں گے، وزیراعظم نواز شریف کو پہلے سے طے شدہ فیصلے پر نااہل کیا گیا۔