یہ انصاف ہو رہا ہے یا انصاف کا خون؟ نوازشریف

 
0
448

لندن،اکتوبر20 (ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا خون ہورہا ہے پھر بھی تمام مقدمات کا سامنا کروں گا، اور امید ہے میرے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کرنے کی کوئی نظیر نہیں ملتی یہ انصاف ہو رہا ہے یا انصاف کا خون ہو رہا ہے؟

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پاناما میں کچھ نہ ملا تو اقامہ کا فیصلہ سامنے آگیا اگر پاناما کا کیس تھا تو پاناما پر فیصلہ کرو اقامہ پر فیصلے کرنے کی کیا ضرورت تھی اقامہ تو بہت سے پاکستانیوں کے پاس ہے آج کا فیصلہ بھی اسی فیصلے کی کڑی ہے میں پوچھتا ہوں کہ کیا اقامہ پر فیصلہ کرنا تھا اگر فیصلہ کرنا تھا تو کسی کرپشن پر کرتے یا سرکاری رقم میں خرد برد پر کرتے فیصلہ کسی کک بیک یا کمیشن پر کرتے تو میں بھی شرمسار ہو کر گھر چلا جاتا چن چن کر ہمارے مخالفین کو جے آئی ٹی میں شامل کیا گیا اور من پسند لوگوں کو جے آئی ٹی کا ممبر بنایا گیا پھر انہوں نے تو اسی طرح کی رپورٹ دینی تھی اگر اسطرح ہمارے نظام انصاف نے چلنا ہے تو پھر سوائے شرمندگی ہمیں کچھ نہیں ملے گا۔

 میاں نواز شریف نے کہا کہ میں اپنی بیمار اہلیہ کے لیے یہاں آیا ہوا ہوں دعا کریں اللہ کلثوم نواز کو صحت عطا کرے میں پاکستان ضرور جائوں گا، 26سے پہلے پاکستان جا کر مقدمات کا سامنا کروں گا۔اس سے قبل نوازشریف کا احتساب عدالت میں اپنے نمائندے ظافر خان کے ذریعے بیان میں کہنا تھا کہ شفاف ٹرائل میرا حق ہے لیکن ہمیں فیئر ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے جب کہ عدالت عجلت سے کام لے رہی ہے اور جلد بازی میں ریفرنسز کو نمٹایا جارہا ہے، 6 ماہ میں تین ریفرنس نمٹانے کی ہدایت کی گئی اور مانیٹرنگ جج خاص طور پر اس کیس میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میرے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتا ہے ہم نے کوئی جرم نہیں کیا ہم پر عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر پر فرد جرم عائد کی ہے