پاکستان، سری لنکا ٹی ٹونٹی میچ کےلئے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی‘کمشنر لاہور ڈوےژن

 
0
380

 

لاہور،اکتوبر20(ٹی این ایس): کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے یقین دلایا ہے کہ29اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ کے لیے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو بہترین شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ بات انھوں نے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین T20 سیریز کے آخری بڑے میچ کے سلسلے میں انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، ڈی جی پروٹوکول، ایس پی سیکورٹی، ایس پی ٹریفک و پی ایچ اے، لاہور پارکنگ کمپنی، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن لاہور، لیسکو، واسا، پی سی بی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔پانی و بجلی کی بلاتعطل فراہمی، پارکنگ، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں مرمت و بحالی کے کاموں کی بہترین سرانجام دہی، ہارٹیکلچر، سڑکوں کی تزئین و آرائش، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے لیے انتظامات کو ابھی سے حتمی شکل دی جانے لگی ہے۔

ایمرجنسی اور ریسکیو کے سلسلے میں میڈیکل کور کے لیے ہاکی اسٹیڈیم میں 20 بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کیا جائے گا جبکہ ایک چھوٹا یونٹ ٹیموں کے ٹھہرنے کی جگہ نجی ہوٹل میں کام کرے گا۔ ایک کارڈیک ایمبولنس اسٹیڈیم کے اندر اور 21ایمبولنسز اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود ہوں گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام کو مزید جامع بنایا جائے گا۔ تمام شہری سہولیات، حفاظتی اقدامات اور ایمرجنسی و ریسکیو کو مانیٹر کرنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں پنجاب سپورٹس بورڈ میں مرکزی کنٹرول روم قائم ہوگا۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کو چار مختلف اطراف میں بہت بڑی پارکنگ مہیا کی جائے گی۔ فل ڈریس ریہرسل 26اکتوبر کو ہوگی۔