لیسکو کی طرف سے صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ کے لیئے مہم کا آغاز

 
0
616

 

لاہور،اکتوبر20 (ٹی این ایس): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)نے اپنے معزز صارفین کی سہولت اورسروسز کے معیار کو قائم رکھنے اور اس میں مزید بہتری لانے کے عزم کے تحت سب ڈویژنز کی سطح پر نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر برائے انرجی اویس لغاری کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی کے ایکشن پلان کی روشنی میں ترتیب دی جانے والی اس مہم کے دوران تمام مینجر آپریشن( لیسکو) ایک ہفتے کے دوران کم سے کم ایک سب ڈویژن کا دورہ کریں گے۔اور عوام الناس کی بجلی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کا جگہ پر فوری ازالہ کریں گے۔ترجمان کے مطابق اس حوالے سے جو پہلا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے اس کے مطابق 25اکتوبر2017کو صبح10بجے مینجر آپریشن نادرن شاہدرہ سب ڈویژن ، مینجر آپریشن سینٹرل نیاز بیگ ، مینجر آپریشن ایسٹرن سلامت پورہ ، مینجر آپریشن اوکاڑہ اختر آباد ، میجر آپریشن ساؤتھ ستارہ کالونی ، مینجر آپریشن شیخوپورہ فیض آباد اور مینجر آپریشن قصور الہٰ آبادویسٹ سب ڈویژن کا دورہ کریں گے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس عوامی مہم کے نتیجے میں لیسکو کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا اور عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے گا۔