سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ،عمران خان

 
0
12780

 

کراچی ،اکتو بر24(ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وسائل کو عوام پر خرچ کرکے مسائل پرقابو پایا جاسکتا ہے- کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ کے اداروں میں لوگوں کو میرٹ پر تعینات نہیں کیا جاتا۔ ملک میں پانی کا بحران آنے والا ہے ہمیں مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔سندھ کے کسانوں کی حالت زار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا اور انہیں پانی سے ڈرایا جاتا ہے کہ اگر وہ ان سیاست دانوں کی حمایت نہیں کریں گے تو ان کا پانی بند کردیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ زرداری کی شوگر مل مافیا گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پھل نہیں دیتے۔شرجیل میمن کی گرفتاری پر عمران خان نے کہا کہ پوری قوم ان کی گرفتاری سے خوش ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائے ان کی مدد کرتی ہے لیکن نیب چیئرمین نے جو قدم اٹھایا ہے ساری قوم ان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

عمران خان نے ملک کی معیشت پر بات کرتے ہوئے ہوئے بتایا کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف نے پاکستان کے قرضوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے، ہماری ایکسپورٹ کی صنعتیں بجلی اور گیس پر ٹیکس لگنے کی وجہ سے بند ہو رہی ہیں اور ہم بھارت اور بنگلہ دیش کا بھی مقابلہ نہیں کرسکتے۔عائشہ گلالئی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو دیکھ رہے ہیں، یہ بالکل آئین کے خلاف ہے انہوں نے خود کہا تھا کہ وہ پارٹی سے استعفیٰ دے رہی ہیں ہمارے پاس اس کے ریکارڈز موجود ہیں۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آصف زرداری کے لیے میں نے خاص ان سوئنگ تیار کر رکھی ہے۔