وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلتستان یونیورسٹی کا افتتاح کر دیا

 
0
10251

سکردو ،اکتو بر25(ٹی این ایس) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلتستان یونیورسٹی کا افتتاح کر دیا۔ قراقرم یونیورسٹی کے سکردو کیمپس کو بلتستان یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا ہے، یونیورسٹی میں 2 ہزار طلبا کو اعلی تعلیم کی سہولت حاصل ہو گی، یونیورسٹی میں مقامی وسائل سے استفادہ کیلئے خصوصی شعبہ جات قائم کیے جائیں گے جن میں آبی وسائل اور سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے قیام کیلئے وزیراعظم نے حکم نامہ جاری کیا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس موقع پر وزیر اعظم کو یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس یونیورسٹی کے قیام سے نوجوانوں بالخصوص خواتین کیلئے اعلی تعلیم کے مواقع بڑھیں گے۔

گلگت بلتستان حکومت نے یونیورسٹی کے لئے 15سو کنال زمین الاٹ کی ہے اور یونیورسٹی کی تعمیر پر ایک ارب 77 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایچ ای سی گلگت بلتستان میں ایک ارب 75کروڑ روپے سے 8 منصوبوں پر کام کر رہا ہے، ان آٹھ منصوبوں کیلئے ایک ارب پندرہ کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے جاچکے ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام 10اضلاع میں یونیورسٹی یا ذیلی کیمپس قائم ہونگے، چلاس اور غذر میں مارچ 2018 میں قراقرم یونیورسٹی کا ذیلی کیمپس قائم ہو گا جبکہ قراقرم یونیورسٹی کے زیر اہتمام میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے گا۔