کراچی ،اکتو بر 25(ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی تحریکوں میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے خواتین اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کے حقوق کیلئے قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف سندھ وومنز ونگ کی صدر نصرت واحد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں خواتین ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہیں متحرک اور منظم رکھنے کے لئے پارٹی نظم و ضبط کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی کیلئے سندھ میں پارٹی کو مزید منظم کیا جائے۔ اندرون سندھ کے شہروں اور دیہاتوں میں رابطے اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے متحرک کارکنوں کو آگے لایا جائے ۔
صوبے سے ناخواندگی و غربت کے خاتمے، اسکولوں میں قائم وڈیروں کی اوطاقوں کے خاتمے کیلئے جدو جہد کی ضرورت ہے ۔ تحریک انصاف وومنز ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد نے کہا کہ عام انتخابات میںتحریک انصاف سندھ میں کلین سوئب کریگی، سندھ کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کردی گئی ہے۔ مختلف سیاسی و سماجی رہنما و کارکن بڑی تعداد میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ صوبے سے پیپلز پارٹی کی اجارہ داری کا خاتمہ کرینگے۔ عرصہ دراز سے وزارت اعلیٰ ہونے کے باوجود بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار انتہائی ناقص ہے۔ صحت و صفائی اور بنیادی تعلیم کیلئے مختص فنڈز کرپشن کی نظر ہوجاتے ہیں جس سے عوام پیپلز پارٹی سے بدظن ہیں۔