دوسرا ٹی 20، سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی 2 وکٹوں سے  فتح، شاداب خان کا آخری اوُور میں فتح گر چھکا، فہیم اشرف کی ہیٹرک

 
0
315

ابوظہبی ،اکتوبر 28 (ٹی این ایس):   پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ شاداب خان کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹرک کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے چھٹے بائولر بن گئے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 125 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ ہدف 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکن ٹیم اچھے آغاز کے باجوود مقررہ 20 اوورز میں 124 رنز بناسکی۔ جمعرات کو ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے دانوشکا گناتھیلا اور دلشان مونویرا نے ٹیم کو 43 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مونویرا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد سمارا وکراما نے گناتھیلا کے ساتھ ملکر کو دوسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بنائے، اس کے بعد سماراوکراما بھی 32 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر گناتھیلا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی، گنا تھیلا کو شاداب خان نے پویلین واپس بھیج دیا۔

ابتدائی بلے بازوں کی جانب سے شاندار آغاز کے باوجود پاکستانی فیلڈرز کی شاندار کارکردگی کے باعث سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح متاثر ہوئی اور 106 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے باجود پوری ٹیم 124 رنز بناسکی۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے اپنے کریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حسن علی نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مقررہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور فخرزمان 11 رنز پررن آؤٹ ہوئے، جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کیلئے آئے اور دوسری ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد کی اننگز بھی 27 رنز تک محدود رہی۔ اس کے بعد کپتان سرفراز اور محمد حفیظ کے درمیان 39 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن محمد حفیظ 14 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد آنے والے عماد وسیم بھی 2 رنز ہی سکور کر سکے اور سرفراز احمد کے 28 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔

پاکستان کو آخری اوور میں 12 رنز چاہیے تھے مگر فہیم اشرف پہلی ہی گیند پر 4 رنز پربناکر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد شاداب خان نے چوتھی گیند پر شاندار چھکا مارکر پاکستان کو فتح کے قریب کردیا اور اگلی ہی گیند پر 2 رنز حاصل کرکے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کروایا۔واضح رہے شاہینوں نے پہلے ٹی 20 میں سری لنکا کو 3 وکٹ سے شکست دی تھی اور گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔