نوازشریف سعودی عرب کے راستے پاکستان آرہے تھے ٗشرجیل میمن کا حال دیکھ کر بریکیں لگ گئیں ٗ اعتزاز احسن

 
0
516

اسلام آباد اکتوبر 28(ٹی این ایس)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف سعودی عرب کے راستے پاکستان آرہے تھے لیکن پی پی رہنما شرجیل میمن کا حال دیکھ کر ان کی بریکیں لگ گئیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزازاحسن نے کہا کہ ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ملاقات کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس خود جانا پڑتا ہے ٗ نوازشریف سعودیہ کے راستے پاکستان آرہے تھے لیکن شرجیل میمن کا حال دیکھ کر گھبرا گئے اور ان کی بریکیں لگ گئیں۔ اب این آر او کی باتیں ہورہی ہیں لیکن پتہ نہیں نوازشریف کس کے ساتھ این آر او کریں گے ٗشریف خاندان کو این آر او صرف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کرنا ہوگا اب نوازشریف کی مدد کوئی نہیں کرے گا۔اعتزازاحسن نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب کیلئے سندھ اور پنجاب کے کیسز بہت بڑا امتحان ہیں۔ شریف خاندان کے حق اور شرجیل میمن کے خلاف امتیازی سلوک ہورہا ہے نوازشریف فرد جرم عائد ہونے کے باوجود آزادی سے گھوم رہے ہیں جبکہ شرجیل میمن پر فرد جرم بھی عائد نہیں ہوئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔