زہریلے پانی سے اگنے والی سبزیوں کے خلاف ایکشن، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی پنجاب فوڈ اتھارٹی کو شاباش

 
0
400

لاہور اکتوبر 28(ٹی این ایس)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سیوریج ، کیمیکل ویسٹ اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والے زہریلے پانی سے سیراب کی گئی سبزیوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گزشتہ روز صوبہ بھر میں کی گئی کارروائیوں کو سراہا ہے ۔انہوں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کو کسی دباو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے تسلسل کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زہریلے پانی سے اگنے والی سبزیاں مہلک بیماریوں کا بڑا سبب بنتی ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی “صحت مند پنجاب “مشن کے حصول کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔جبکہ اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائیوں سے صوبہ بھر سے بیماریوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کا زہریلے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کے خلاف دوسرے روز بھی پنجاب بھر میں کاروائی جاری ہے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کاوائی کے دوران سیوریج کے پانی سے سیراب کرنے پر سرسوں کے ساگ،دھنیا،بھنڈی ،پالک اور دیگر سبزیوں کو ہل چلا کر تلف کر دیا اور سیوریج کے پانی کو ناکے لگا کر بند کر دیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ روز صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 5600 کنال پر کاشت کی گئی مضر صحت سبزیاں تلف کی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں 1008، فیصل آباد میں 880،راولپنڈی میں 872،گوجرانوالہ میں 760 اورلاہور میں 2080 کنال رقبہ پر کاشت کی گئی گندے پانی سے اگائی گئی سبزیاں ہل چلا کر تلف کی گئی تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ تلف کئے گئے علاقوں میں دوبارہ سبزیاں اگانے پر مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔کاشت کار ایسے پانی سے صرف پھول ،بانس ،پٹ سن اور ان ڈور پلانٹس یا دیگر غیر خوردنی فصلیں اگائیں۔