قذافی اسٹیڈیم ، تیسرے ٹی 20میچ کیلئے پاک سری لنکن کرکٹ ٹیمیں شام 6 بجے میدان میں اتریں گی

 
0
448

 

لاہور ،اکتو بر 29(ٹی این ایس): قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تیسرے ٹی 20میچ کیلئے پاک سری لنکن کرکٹ ٹیمیں شام 6 بجے میدان میں اتریں گی،جس کے تحت مہمان سری لنکن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے، گراؤنڈ اوراسٹیڈیم کے چاروں اطراف کے راستوں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیاہے،جبکہ سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پولیس ، فوج اور رینجرز کے 20 ہزار کے قریب چاک وچوبند جوان اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی کیلئے تعینات کیے گئے ہیں،دوسری جانب شائقین کرکٹ کا جنون بھی سرچڑھ کربولنے لگاہے۔

میڈیا رپورٹس تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بڑے معرکے کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں رات گئے لاہور پہنچ گئیں۔پاکستان پہنچنے پر مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور لاہور ایئرپورٹ پر پنجاب حکومت اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے مہمان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔سری لنکن ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے بھی پاکستان پہنچنے پر گرمجوش استقبال کو یادگار قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں استقبال اور دورے کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔

پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے قومی شاہینوں اور لنکن ٹائیگرز کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی۔سخت سیکورٹی حصار میں ائیر پورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔ میزبان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران مال روڈ اور روٹ سے ملحقہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا گیا۔ ٹیموں کی آمد کے پیش نظر مختص راستوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں اور مہمان کھلاڑیوں کی قد آور تصاویر سے سجایا گیا۔

ہوٹل میں کھلاڑیوں کی تواضع پر تکلف عشائیہ سے کی گئی۔شائقین کرکٹ کیلئے دوپہر 2 بجے گراوٴنڈ کے دروازے کھول دیے جائیں گے اور شائقین کو قذافی اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے سے گراوٴنڈ تک لانے کیلئے خصوصی فری شٹل بھی چلائی جائے گی۔ تماشائیوں کی سہولت کے پیش گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے 4 مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جہاں سے شائقین کرکٹ شٹل سروس کے ذریعے گراوٴنڈ تک لایا جائے گا۔

تماشائیوں کو اپنا اصل شناختی کارڈ ہمراہ رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔پاکستان ٹیم 3 میچز کی سیریز پہلے ہی 0-2 سے اپنے نام کرچکی ہے اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج شام 6 بجے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے3 مارچ 2009 ء کو سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان عالمی کرکٹ کی میزبانی سے دور رہا لیکن آج پاکستان اور عالمی کرکٹ کے دروازے کھل گئے اور ایک مرتبہ پھر سری لنکن ٹیم قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کھیلے گی۔