پولیس نے قائد اعظم یونیورسٹی کے ہڑتالی طلباء کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا

 
0
2491

اسلام آباد اکتوبر 31 (ٹی این ایس)پولیس نے قائد اعظم یونیورسٹی کے ہڑتالی طلباء کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیم بلوچ اسٹوڈنٹ کونسل کا احتجاج منگل کو بھی جاری رہا ۔ گزشتہ ایک ماہ سے جاری احتجاج کے باعث یونیورسٹی میں تمام معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں ۔ احتجاجی طلباء نے جامعہ کے صدر دروازے کو بند کر رکھا ہے ۔مظاہرین کی جانب سے راستوں پر پتھر رکھنے سے گاڑیوں اور پیدل افراد کی آمد و رفت بھی ممکن نہیں رہی جبکہ بلوچ کونسل کے طلباء اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان شدت اختیار کرتے تناؤ کے باعث کسی بھی ممکنہ غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی یونیورسٹی کے باہر منگل کو بھی موجود رہی ۔

ذرائع کے مطابق ظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وہ معطل کئے گئے ساتھی طلباء کی بحالی اور مقدمات واپس لینے تک احتجاج جاری رکھیں گے تاہم یونیورسٹی حکام کی جانب طلباء کا مطالبہ ماننے سے انکار کے باعث ڈیڈ لاک گزشتہ روز بھی برقرار رہا ۔فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے وفاقی حکومت کے نمائندوں اور بلوچستان کی حکومتی شخصیات نے بھی مداخلت کی تاہم معاملات طے نہ ہو پائے ۔دوسری جانب تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے توڑ پھوڑ کرنے والے طلباء کے خلاف گزشتہ شب ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے ،ساتھ ہی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ انتشار پھیلانے والے طلباء کو گرفتار کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہڑتالی طلبا نے صوبائی وزیر بلوچستان سرفراز بگٹی کو تین دن کا الٹی میٹم دیا تھا کہ معاملے کوحل کریں ورنہ ہم یونیورسٹی کی تدریسی سرگرمیاں معطل کر دیں گے اگر انتظامیہ نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو پر امن احتجاج جاری رہے گا۔