ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے سروں پر تلوار لٹکانے کی کی بجائے آسانیاں پیدا کرے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

 
0
302

لاہور نومبر 1(ٹی این ایس)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو ٹیکس دہندگان کے سروں پر تلوار لٹکانے کی پالیسیاں ترتیب دینے کی بجائے آسانیاں پیدا کرے ، تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مدت میں 15نومبر تک توسیع کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 31دسمبر مقرر کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجر رہنماؤں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مارکیٹوں میں پارکنگ اور تجاوزات سے پیدا ہونے والے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت نے ساری توجہ صرف ٹیکسز میں اضافے پر مرکوز کر رکھی ہے جبکہ دیرینہ مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دی جارہی ۔وزارت تجارت اور وزارت خزانہ کی جانب رابطوں کا فقدان ہے جس سے تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس دہندگان کے سروں پر تلوار لٹکانے کی پالیسی کسی طرح بھی ملکی معیشت کیلئے سود مند نہیں ۔تمام چیمبرز اور تاجر تنظیمیں متفقہ مطالبہ کر چکی ہیں کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کی جائے اور اس اقدام کا ملکی خزانے کو فائدہ ہوگا لیکن ایف بی آر میں نہ مانوں کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کومتعدد بار مطالبات پیش کر چکے ہیں کہ تجارتی مراکز میں پارکنگ کے مسائل حل کئے جائیں جبکہ تجاوزات کیخلاف بھی فوری طور پر بلا تفریق آپریشن شروع کیا جائے ۔