نیب ، نوازشریف سے قابل ضمانت وارنٹ کے سمن کی تعمیل کرالی

 
0
421

 

اسلام آباد،نو مبر02(ٹی این ایس) : نیب نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف سے قابل ضمانت وارنٹ کے سمن کی تعمیل کرالی۔ جمعرات کو نیب کی ٹیم نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے پاس آنے کیلئے پہلے ان کے وکلا سے رابطہ کیا اور وکلا کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ٹیم پنجاب ہاؤس پہنچی۔نیب کی 5 رکنی ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب احمد کی سربراہی میں نوازشریف سے عدالتی سمن کی تعمیل کرانے کیلئے پنجاب ہاؤس اسلام آباد پہنچی جہاں ٹیم نے سابق وزیراعظم سے سمن کی تعمیل کرائی۔

ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے تین سمن پر دستخط کرائے جبکہ طارق فضل چوہدری سے بھی کچھ کاغذات پر دستخط کرائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے طارق فضل چوہدری سے ضمانتی مچلکوں کے کاغذات پر دستخط لیے ہیں۔ قبل ازیں احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی گزشتہ سماعت پر نوازشریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے سمن کی تعمیل کیلئے نیب کی ٹیم نے نوازشریف کے طیارے تک رسائی مانگی تھی۔

ڈائریکٹر جنرل نیب پنڈی ناصر اقبال نے نیب کی 10 رکنی ٹیم کو اسلام آباد ایئرپورٹ جانے سے روک دیا اور نیب اہلکاروں کو پنجاب ہاؤس میں نوازشریف کے سمن کی تعمیل کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف تین نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں جس میں سابق وزیراعظم، ان کی صاحبزادی اور داماد پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔