ختمِ نبوت کے معاملہ پر حکومت اور تحریکِ لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پاکستان کے درمیان  6 نکاتی معاہدہ طے پاگیا

 
0
26747

اسلام آباد،نومبر 03 (ٹی این ایس):  ختمِ نبوت کے معاملہ پر حکومت اور تحریکِ لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پاکستان کے درمیان  ایک معاہدہ طے پاگیا  ہے جس میں چھہ نکات پر اتفاق کیا گیا۔ مذاکرات میں تحریک کی طرف سے اسکے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف جلالی، مرکزی رہنما شاداب قادری،صوبائی امیر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی اور رکنِ مرکزی رابطہ کمیٹی محمد آصف علی جلالی جبکہ حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر برائے ریلوے خوجہ سعد رفیق ، وزیرِ مملکت برائے داخلہ محمد طلال چوہدری اور اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مشتاق احمد  شریک تھے۔

معاہدہ میں ختم نبوت کی سازشوں کی روک تھام اور اسلامی شعائر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف  آئین کی رو سے عمل درآمد کےلئے دو ماہ کے اندر ممتاز علماء پر مشتمل بااختیار قومی مشاورتی کونسل تشکیل دینے، توہین رسالت کی مرتکب آسیہ کے خلاف عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد،اسکے  بیرون ملک بھجوائے جانے کی اطلاعات کی تردید، پارلیمنٹ میں   حلف نامہ سے ختمِ نبوت کے الفاظ کی تبدیلی کے حالیہ تنازعہ کی علماء کو اعتماد میں رکھتے ہوئےمکمل تحقیق کرکے نتائج 20 روز میں سامنے لانے اور مرتکبین کو ازروئے قانون سخت سزاء دینے، برمی مسلمانوں کی حکومتی سطح پر سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت  جاری رکھنے، پنجاب میں مساجد کے لاؤڈ اسپیکرز کی تعداد پر پابندی کے حوالہ سے طے شدہ پالیسی پر عملدرآمد اور وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ کی طرف سے  انکے بعض بیانات کی علماء کے سامنے وضاحت پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔