جمہوریت کی خاطر پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا ،لیکن اب کسی صورت نہیں بچائیں گے ،خورشید شاہ

 
0
317

 

سکھر ،نو مبر03(ٹی این ایس): اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہاہے کہ جمہوریت کی خاطر پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا تھا لیکن اب کسی صورت نہیں بچائیں گے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے آصف زرداری سے متعلق بیان پرقائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے ردعمل میں کہا کہ نوازشریف وہ دن یاد رکھیں جب انہوں نے زرداری کے ساتھ ملاقات سے انکارکیا تھا، نوازشریف نے بھی اس وقت کسی کو خوش کرنے کیلئے یہ ملاقات نہیں کی تھی ، میاں صاحب یہ بتائیں کہ اس وقت کس کو خوش کرنے کیلئے انہوں نے ایسا کیا تھا، میاں صاحب یہ مکافات عمل ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اب نوازشریف مشکل میں ہیں، جمہوریت مشکل میں نہیں، نوازشریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پرنہ ڈالیں، بلکہ میاں صاحب جمہوریت کو مشکل میں آنے سے بچائیں، ہم نے بار بار ان سے کہا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں لیکن انہوں نے بات نہ سنی، جمہوریت بچانے کیلئے پہلے بھی نوازشریف کو ایک بار بچایا مگر اب کسی صورت نہیں بچائیں گے۔واضح رہے کہ آج احتساب عدالت میں پیشی کے دوران نواز شریف نے کہا تھا کہ زرداری مجھے گالیاں نہیں دے رہے بلکہ کسی اور کو خوش کررہے ہیں۔