اسلا م آباد نومبر 3 (ٹی این ایس) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے معروف شاعر احمد فراز (مرحوم) کے چوری شدہ میڈلز ریکورکرنے پر اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہا، یہ میڈلز سینیٹر شبلی فراز کے حوالے کر دیئے گئے،کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جو ٹاسک پولیس کو سونپا گیا وہ پورا کر دکھایا۔
جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے احمد فراز (مرحوم) کے چوری شدہ میڈلزکی ریکوری سے متعلق بریفنگ دی۔ یہ میڈلز کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر احمد فراز (مرحوم) کے صاحبزادے سینیٹر شبلی فراز کے حوالے کئے گئے۔ اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین سینیٹررحمان ملک نے کہا کہ ایس ایس پی ساجد کیانی کوہمیشہ کی طرح اس بار بھی جو ٹاسک سونپا گیا تھا انہوں نے وہ پورا کر دکھایا اور پوری کمیٹی کو اسلام آباد پولیس کی کارکردگی پر فخر ہے۔