اسحاق ڈار لندن کے ہسپتال میں داخل، اینجیو پلاسٹی متوقع

 
0
377

لندن نومبر 3(ٹی این ایس)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ویسٹ لندن کے ہسپتال میں داخل کرلیے گئے ہیں جہاں ان کی اینجیوپلاسٹی کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار بدھ کو بھی ہسپتال آئے تھے اور اینجیوگرافی کی گئی تھی، اسحاق ڈار گزشتہ ہفتے تفصیلی معائنے کے لیے تین بار ہسپتال آئے تھے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے اسحاق ڈار کو لندن میں قیام بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر علاج کی درخواست کی ہے۔اسحاق ڈار کے ساتھ ان کے بیٹے علی ڈار اور دیگر اہل خانہ بھی موجود ہیں۔علی ڈار کی اہلیہ اسماء اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی دیکھ بھال کے سلسلے میں لندن کے ایک ہسپتال میں موجود ہیں۔اسحاق ڈار کے وکیل نے نیب عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل لندن میں موجود ہیں اور علاج کروارہے ہیں اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں دوبارہ معائنہ متوقع ہے ۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا ۔