برطانیہ کی نئی پالیسی ٗغیرملکی طالبعلم دوران تعلیم ورک ویزا حاصل کرسکیں گے

 
0
418

لندن دسمبر 27(ٹی این ایس)برطانیہ نے غیر ملکی طلبا کیلئے نئی ویزا پالیسی بنالی جس کے تحت بیرون ملک سے آئے طلبہ تعلیم مکمل ہوتے ہی ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کراسکیں گے۔برطانیہ کی جانب سے بنائی گئی نئی ویزا پالیسی کے تحت اب بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے کیلئے آنے والے طلبا تعلیم مکمل ہونے سے چند ماہ قبل ہی ورک ویزا کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے قبل ایسے طالبعلموں کو ورک ویزا کے لئے ڈگری ملنے کا انتظار کرنا پڑتا تھا تاہم نئی پالیسی کے تحت ایسا نہیں ہوگا۔غیر ملکی طالبعلموں کیلئے نئی پالیسی کا اطلاق 11 جنوری 2018 سے ہوگا جس کے بعد برطانیہ میں زیرتعلیم غیر ملکی طالبعلم اپنی تعلیم مکمل کرنے سے پہلے ورک ویزا کی درخواست دے سکیں گے۔خیال رہے کہ میئر لندن صادق خان نے بھارت اور پاکستان کے اپنے حالیہ دورے کے موقع پر طالبعلموں کو برطانیہ میں داخلوں پر زور دیا تھا جبکہ انہوں نے نئی پالیسی کی حمایت کی تھی اور برطانیہ جاکر انہوں نے بیرون ملک سے برطانیہ آنے والے طالبعلموں کی تعداد میں کمی کی جانب توجہ دلائی تھی۔