تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں

 
0
369

اسلام آباددسمبر 27(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی گئیں۔الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست پر سماعت بینچ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی تاہم اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوکر انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرا دیں۔پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی کیلئے امیدواروں کی تفصیلات، نتائج، پینل اور کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جمع کرائیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر تحریک انصاف کو انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرانے کا آخری موقع دیا تھا جبکہ انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست پر سماعت 2 جنوری کو ہوگی۔

بعدازاں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فارن فنڈنگ پر فیصلہ تاریخی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کا تمام ریکارڈ حاصل کرسکتا ہے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن سو موٹو ایکشن لے سکتا ہے، اس لئے الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں میں کرپشن کی آزادانہ تحقیقات کرے جبکہ عمران خان 3 سال سے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ اجرتی اور لوٹا سیاستدانوں کا تحریک انصاف پر قبضہ ہے جب کہ پارٹی میں نوٹ کریسی اور لوٹا کریسی رائج ہے ٗ ہمیں پی ٹی آئی سے کالی بھیڑوں کو نکالنا ہے۔