اگر تحریک انصاف ٹھیک ہے تو پھر تحریک عدل کیسے غلط ہو گئی؟، عدلیہ نہیں کچھ فیصلوں پر تحفظات بیان کئے‘ پرویز رشید

 
0
345

لاہور دسمبر 27(ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف ٹھیک ہے تو پھر تحریک عدل کیسے غلط ہو گئی؟، عدلیہ کے بارے میں نہیں بلکہ کچھ فیصلوں کے بارے میں تحفظات بیان کئے ہیں، نواز شریف عوام کے دلوں میں رہتے ہیں وہ جمہوری اور انتخابی جدوجہد میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔ جاتی امراء میں نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی اجلاس میں شرکت سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف اس لئے ٹھیک ہے کہ اس کے ساتھ عمران خان کا نام جڑا ہے اور تحریک عدل اس لئے غلط ہے کہ اس کے ساتھ نواز شریف کا نام لگا ہوا ہے۔ اگر عمران خان کی تحریک انصاف ٹھیک ہے تو پھر نواز شریف کی تحریک عدل کیسے غلط ہو سکتی ہے۔جس چیز کے ساتھ نواز شریف کا نام لگ جائے عوام اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے عدلیہ پرتنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عدلیہ پر نہیں بلکہ کچھ فیصلوں پر تحفظات بیان کئے ہیں اور یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کو وزیر اعظم نامزد کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کے فیصلے پتھر پر لکیر ہوتے ہیں۔ نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں، جمہوری اور انتخابی جدوجہد میں نواز شریف پارٹی کی قیادت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے قائد ہیں ان سے مشاورت کے لئے آنا جانا لگا رہتا ہے۔
خبر نمبر 20۔۔۔۔