وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی آمد کے موقع پر مری روڈ کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ

 
0
340

 

ایبٹ آباد،نومبر06(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی آمد کے موقع پر مری روڈ کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف تاجروں نے مری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی کے ملکیتی نجی سکول میں یوم والدین کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پرویز خٹک تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون، قلندر لودھی، سردار ادریس اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ کی سکول آمد کے موقع پر مری روڈ کے تاجر سکول کے باہر پہنچ گئے اور مری روڈ کو بلاک کر دیا۔ اس دوران تمام لوگ شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی امجد حسین موقع پر پہنچ گئے اور مشتعل افراد کے ساتھ مذاکرات کئے۔ مشتعل افراد نے مطالبات کے پورے ہونے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا۔ بعد ازاں صحافیوںسے بات چیت کے دوران تاجروں نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتاق غنی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ روزانہ تین ٹائم مری روڈ پر پانی کا چھڑکائو کرائیں گے لیکن انہوں نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ نے ان کے نجی سکول میں آنا تھا تو مری روڈ کو خوب پانی سے صاف کیا گیا، کیا ہم لوگ انسان نہیں ہیں مری روڈ سے اٹھنے والے گردوغبار سے لوگ اور بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔