حماد صدیقی کی حوالگی کی قانونی کارروائی مکمل، آئندہ ہفتے پاکستان منتقلی کا امکان

 
0
24961

کراچی نومبر 7(ٹی این ایس)بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں 259 لوگوں کو زندہ جلانے کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کو پاکستان حوالگی کی قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے اور آئندہ ہفتے انہیں پاکستان منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ حماد صدیقی نے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری سانحے میں دو ساتھیوں دانش اور نوید کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ دونوں ملزمان حماد صدیقی کی گرفتاری کے وقت ساتھ موجود تھے تاہم بعد میں فرار ہوگئے۔

اس سے قبل حماد صدیقی کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ دبئی میں جنرل ٹریڈنگ کمپنی کا ملازم تھا۔حماد صدیقی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکنیت کی معطلی کے بعد 2013 میں دبئی منتقل ہوا تھا، وہ پاکستان میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کی کراچی تنظیمی کمیٹی(کے ٹی سی)کا انچارج تھا۔ مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق حماد صدیقی کے پاس 2014 سے التکاتف جنرل ٹریڈنگ(ایل ایل سی)میں مارکیٹنگ مینیجر کا ویزہ تھا۔ جیو کو موصول دستاویز کے مطابق حماد صدیقی متحدہ عرب امارات میں مستقل ویزے پر رہائش پذیر تھا جبکہ ویزے پر اس کا نام حماد صدیقی مسیح الحق صدیقی درج ہے۔