سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کا اجلاس

 
0
347

اسلام آباد نومبر 7(ٹی این ایس) وزیر مملکت برائے سیفران غالب خان وزیر نے کہاہے کہ جنوبی وزیر ستان سمیت تمام ایجنسیوں میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں گے ، فاٹا کو گلگت بلتستان کی طرح گندم کی براہ راست فراہمی کیلئے پاسکو حکام سے بات چیت کی جائے گی ،ٹیسکو سمیت قبائلی علاقوں کے لئے قائم کئے جانے والے سرکاری اداروں میں قبائلی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،قبائلی علاقوں میں سابقہ ادوار میں تعینات پولیٹکل ایجنٹس کی کروڑوں روپے کرپشن کی فائلیں بھی جلد کھلنے والی ہیں ،قبائلی عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوںنے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے اجلاس میں اظہار خیال کے دوران کیا انہوںنے کہاکہ فاٹا میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے جنوبی وزیر ستان ایجنسی سمیت تمام ایجنسیوں میں فاٹا یونیورسٹی کے کیمپس قائم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہیے ہیں انہوںنے کہاکہ فاٹا کی تمام ایجنسیوں میں یونیورسٹی کیمپس قاء کرنے کیلئے مطلوبہ زمین کی فراہمی سمیت دیگر لوازمات پورے کئے جا رہیے ہیں اور امید ہے کہ اگلے تعلیمی سال کے آغاز سے جنوبی وزیر ستان ،شمالی وزیر ستان میں یونیورسٹی کیمپس کا آغاز کر دیا جائے گا .

انہوں نے کہاکہ فاٹا کو گندم کی فراہمی کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے براہ راست بات چیت کی جائے گی تاکہ گلگت بلتستان کی طرح فاٹا کو بھی پاسکو سے براہ راست گندم کی سپلائی کی جاسکے انہوںنے وزارت سیفران کے افسران کو ہدایت کی کہ فاٹا کو پاسکو سے براہ راست گندم کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کئے جائیں انہوں نے ٹیسکو میں فاٹا نوجوانوں کو نظر انداز کرکے دیگر صوبوں سے ہونے والی بھرتیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا کے عوام کو گذشتہ کئی دہائیوں سے شدید مشکلات کا سامنا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فاٹا کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دے رہے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ قبائلی عوام کے زخموں پر مرحم رکھنے کیلئے انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں انہوںنے ٹیسکو سمیت فاٹا کیلئے قائم کئے جانے والے سرکاری اداروں میں فاٹا کے بے روزگار نوجوانوں کو بھرتی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں فاٹا کی مختلف ایجنسیوں میں تعینات پولیٹکل ایجنٹس کی جانب سے کی جانے والی کروڑوں روپے کی کرپشن اور بیرون ممالک ان کے جائیدادوں کے بارے میں جلد ہی انکشافات ہونے والے ہیں انہوںنے کہاکہ قبائلی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی بھی سیاستدان یا افسر کو معاف نہیں کیا جائے گا اور قبائلی عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے