افغان حکومت  پاکستانی سفارتکار کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے ، گجرات میں جنگی ہوائی اڈے کی تعمیر ہندوستان کی کولڈ اسٹارٹ اسٹریٹیجی اور بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کی عکاس ہے پاکستان

 
0
355

اسلام آباد، نومبر 09 (ٹی این ایس):پاکستان نے کہا ہے کہ  افغانستان میں بہت سے غیر ملکی عناصر متحرک ہیں جو پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہیں تاہم ان عناصر کو اُن کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں دفترخارجہ کے نئے ترجمان  ڈاکٹرفیصل نے افغان حکومت  سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی سفارتکار کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے  اور  سفارتی عملے کا تحفظ اور سیکیورٹی یقینی بنائے۔ پاکستان نے اس معاملے کو افغان حکومت کے سامنے بھر پور طریقے سے اٹھایا ہے۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں کئی طرح کے عناصر سرگرم ہیں۔ وہاں ہندوستانی خفیہ ادارے را اور دوسری دہشت گرد تنظیموں کاگٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سےگجرات میں جنگی ہوائی اڈے کی تعمیر ہندوستان کی کولڈ اسٹارٹ اسٹریٹیجی اور بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کی عکاس ہے۔

کشمیر کی صورتحال کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہاں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی وجہ صورتحال سنگین ہے اور حالیہ کاروائیوں میں قابض فورسز نے مزئد سات کشمیروں کو شہید کیا۔

برطانیہ میں بھارتی ایماء پر پاکستان کے خلاف  مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر فیصل نے کہا  کہ اس پر نوٹس لیا گیا ہے، پاکستان کے احتجاج پر تحقیقات کرائی گئیں اور متعلقہ کمپنی نے فوری طور پاکستان مخالف پوسٹرز و بینرز ہٹا لئے۔ امید ہے کہ برطانوی حکومت اپنی سرزمین اقوام متحدہ کے چارٹرز اور ایک دوست ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دے گی۔