امریکی کانگریس نے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر دینے کی منظوری دیدی

 
0
364

واشنگٹن نومبر 11(ٹی این ایس) امریکی گانگریس نے افغانستان میں امریکی آپریشن کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) کے تحت 70 کروڑ ڈالر دینے کی منظوری دیدی۔یہ اجازت کانگریس کی جانب سے جاری کردہ نیشنل ڈیفنس اتھارائیزیشن ایکٹ (این ڈی اے اے) 2018 کے تحت دی گئی ۔واضح رہے کہ امریکا کے سیکریٹری دفاع کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ جس میں پاکستان کا حقانی نیٹ ورک کے خلاف مناسب اقدامات کرنے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کے بعد مذکورہ ایکٹ میں نظر ثانی شدہ متن کے مطابق 70 کروڑ ڈالر میں سے 35 کروڑ ڈالر سی ایس ایف کے تحت دینے کی منظوری دی گئی۔اس حوالے سے این ڈی اے اے نے ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ پاکستان پر نظر رکھی جائے کہ وہ اس امداد سے دہشت گرد گروپوں کی مدد نہ کرے۔

ایکٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ 35 کروڑ ڈالر کی محدود رقم اس وقت جاری کرے گی جب دفاعی سیکرٹری کانگریس کمیٹی کو تصدیق کریں کہ پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں، حقانی نیٹ ورک اور لشکرطیبہ کے خلاف مناسب کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حقانی نیٹ ورک، لشکر طیبہ کے پاکستان میں موجود محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کیلئے بھی فوجی آپریشن میں مصروف ہے۔سیکرٹری دفاع کی جانب سے موصول ہونے والے سرٹیفکیٹ میں اس بات کا بھی اقرار کیا جائے گا کہ پاکستان اپنی مغربی سرحد پر عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کو محدود کرنے کیلئے افغانستان کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے اور ساتھ ہی پاکستان کو حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کرنے اور سزائیں دینے کے لیے اپنی کوششیں دکھانی ہوں گی۔