حقانی نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کاروائی تک دفاعی امداد بند

 
0
678

واشنگٹن جنوری 5(ٹی این ایس)امریکا نے پاکستان کی دفاعی امداد معطل کرنے کا باضابط اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی امداد تب تک بند رہے گی جب تک پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدام نہیں کرتا۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بند کی جانے والی امداد کا تعلق سکیورٹی معاونت سے ہے جب تک پاکستان حقانی نیٹ ورک اور افغان طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی نہیں کرتا تب تک یہ معاونت بند رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے سے افغانستان میں تعینات امریکی فوج بھی حملوں کی زد میں آتی ہے۔انہوں نے بتایا پاکستان کو دیا جانے والا فوجی ساز و سامان بھی روک دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ معطل کی جانے والی امداد کی رقم کے بارے میں نہیں بتا سکتیں کیونکہ انتظامیہ تاحال اس فیصلے سے متاثر ہونے والی امداد کی اقسام کا حساب کر رہی ہے۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ کچھ امداد اسلام آباد کو فراہم کی جاسکتی ہے اگر وہ ان گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے جبکہ روکی جانے والی امداد کے بارے میں آئندہ سال ازسرنو جائزہ لیا جائے گا تاہم یہ رقم کہیں اور صرف نہیں کی جائے گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی انتظامیہ پاکستان کو 255 ملین امریکی ڈالر کی امداد روکنے کا عندیہ دے چکی تھی۔امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کے مطابق محکمہ خارجہ کی ترجمان نے روکی جانے والی کل امداد کی کا تخمینہ نہیں بتایا تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک خاصی بڑی رقم ہو سکتی ہے۔