اورنگی ٹاﺅن قائد عوام کالونی میں فائرنگ سے 14 سال کا لڑکا جاں بحق

 
0
511

کراچی ،نو مبر13(ٹی این ایس): کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن قائد عوام کالونی میں فائرنگ سے 14 سال کا لڑکا جاں بحق ہو گیا ہے۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ لڑکے کی موت منشیات فروشوں کی فائرنگ سے ہوئی، تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ نشے میں دھت سادہ لباس اہلکاروں نے تشدد کیا، منع کیا تو فائرنگ کر دی۔اہل علاقہ نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور کئی گھنٹے تک تھانے کا گھیراﺅ کیا تو 4 پولیس اہلکاروں کو حوالات میں بند کر دیا گیا، واقعے کا مقدمہ درج کرانے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔

مومن آباد میں فائرنگ سے 14سال کا لڑکا جاں بحق ہوگیا، پولیس اور اہل علاقہ کی طرف سے متضاد دعوے سامنے آئے۔ابتدا میں پولیس حکام نے کہا کہ ریحان منشیات فروشوں کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوا، مگر اہل علاقہ نے پولیس کا یہ دعوی مستر د کردیا، مشتعل عوام نے مومن آباد تھانے کا گھیراﺅکرلیا ہے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ نشے میں دھت پولیس اہلکاروں نے بچوں پر تشدد کیا اور ایس ایچ او کے کہنے پر سیدھے فائر کیے۔

منشیات فروشوں کی فائرنگ سے لڑکے کی ہلاکت کا دعوی کرنے والی پولیس نے احتجاج کے بعد 4 اہلکاروں کو لاک اپ کردیا اور ایس ایچ او کے خلا ف بھی تحقیقات شروع کردیں، انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔تحریک انصاف کے راہنما حلیم عادل شیخ نے کہاکہ پولیس نے دوپہر 12بجے تک مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، دوسری صورت میں پھر احتجاج کیا جائے گا۔