نئی دہلی نومبر 20(ٹی این ایس):فیس بک پر بنی دوست کے شادی سے انکار پر 21سالہ طالبعلم نے خود کشی کر لی ۔تفصیلات کے مطابق موجودہ دور میں سوشل میڈیا ہماری زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے ۔سوشل میڈیا کے اثرات ہماری روز مرہ معمولات سے لے کر ہمارے سوچنے تک کے انداز تک دیکھے جا سکتے ہیں ۔سوشل میڈیا جہاں ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے وہاں اسکے نقصانات بھی سامنے آرہے ہیں ۔بھارتی شہر منگلورو کا رہائشی 21سالہ دکشتھ فیس بک پر ایک لڑکی سے ملا ،لڑکی میسور کی رہائشی تھی اور انجنئیرنگ کی طالبہ تھی ۔دونوں میں فیس بک پر ہوا یہ آمنا سامنا ایک محبت بھرے تعلق میں بدل گیا ۔لڑکا لڑکی دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ نمبروں کا تبادلہ کیا اور دن رات ایک دوسرے کی محبت میں غرق رہنے لگے ،مگر آہستہ آہستہ دکشتھ کو محسوس ہوا کہ اسکی محبت یک طرفہ ہے۔جب اسے اس بات کا یقین ہو گیا کہ اسکی محبت اسے ملنے والی نہیں ہے تو اس نے اپنے گھر کے قریب موجود درخت سے خود کو لٹکا کر خود کشی کر لی۔خود کشی سے پہلے دکشتھ نے 4صفحات پر مشتمل ایک خط اپنے مکان پر چھوڑا جس میں اس نے اپنی خود کشی کی وجہ بتائی کہ وہ اپنی محبت کے حصول کا کوئی امکان نہ ہونے پر مایوس ہے اور یہ اقدام اٹھا رہا ہے اس نے مزید کہا کہ اس کی خود کشی کا وہ خود ذمہ دار ہے نہ کہ کوئی اور۔پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو دکشتھ کی خود کشی کا علم نہیں ہے۔